افغانستان میں جدید اسلحہ،گولہ بارودموجود،دنیا نوٹس لے،پاکستان

نیویارک:پاکستان نے افغانستان میں جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی غیرقانونی اسلحے تک رسائی علاقائی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد گروہ افغانستان سے کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں اور ان کے پاس جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر موجود ہیں جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں غیرقانونی اسلحہ پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں بیگناہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دہشت گرد گروہوں کو خطے کے ایک بڑے تخریبی کردار کی مالی اور عملی مدد حاصل ہے جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان عبوری حکام کو ان کے وعدوں پر عمل درآمد کا پابند بنائے اور افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کو غیرقانونی اسلحے تک رسائی سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور جنگ کے بدلتے انداز غیرقانونی اسلحے کے پھیلاؤ کے نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں، اس لیے روایتی اسلحہ کنٹرول کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ غیرقانونی اسلحے کی تجارت پر قابو پانے، عالمی امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے بین الاقوامی تعاون میں اضافہ ناگزیر ہے۔