بھارت کو منہ توڑ جواب،آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 6 برس مکمل

راولپنڈی:بھارتی جارحیت پر مبنی جعلی ڈرامے کا پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیے جانے والے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 6 برس مکمل ہو گئے۔6 برس قبل 27 فروری 2019ء کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی فضائی برتری ثابت کی تھی۔

اس دن کو ”سرپرائز ڈے” کے نام سے پوری قوم آج بھی یاد کرتی ہے، جب پاک فضائیہ نے ”آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” میں دشمن کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔بھارت کی جانب سے 26 فروری 2019ء کو پاکستان میں دراندازی کی ایک ناکام کوشش کی گئی تھی، جسے بعد ازاں دنیا بھر نے جعلی سرجیکل اسٹرائیک قرار دیا۔

اس جارحیت پر بھارتی حکومت نے عالمی سطح پر پروپیگنڈا کیا لیکن پاکستان نے غیر ملکی میڈیا کو موقع پر لے جا کر بھارتی دعوے کی حقیقت دنیا کے سامنے بے نقاب کر دی۔اگلے ہی روز 27 فروری کو بزدل بھارتی فوج نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی۔

تاہم پاکستانی فضائیہ نے نہ صرف بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے بلکہ ایک بھارتی پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کر لیا۔ بھارت نے پاکستانی ایفـ16 مار گرانے کا بے بنیاد دعویٰ کیا، جسے امریکی حکام، ماہرین اور خود بھارتی صحافیوں نے بھی مسترد کردیا۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت کی گواہی آج بھی کراچی کے پاکستان ائرفورس میوزیم میں محفوظ ہے، جہاں ابھی نندن کی وردی، تباہ شدہ بھارتی طیارے کی باقیات اور وہ چائے کا کپ موجود ہے جس نے بھارتی پائلٹ کی مہمان نوازی کو یادگار بنادیا تھا۔

27 فروری کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا چکا ہے، جب ایک بہادر قوم کی بہادر فوج نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملادیے۔

دریں اثناء عسکری قیادت نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیاہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیاکہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے خصوصی پیغام میں مسلح افواج کی جرات ، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کوبھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ستائیس فروری دوہزارانیس کاآپریشن سوئفٹ ریٹارٹ، بھارت کی بلاجواز جارحیت کا ایک منظم اور نپا تلا ردعمل تھا۔ترجمان کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ذریعے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے غیرمتزلزل عزم کااعادہ کیا گیا۔

عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ اس آپریشن نے نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کیابلکہ مکمل آپریشنل کنٹرول سے جارحیت کو مؤثر طریقے سے روکنے اور دوبارہ فوری ڈیٹرنس قائم کرنے کی صلاحیت کوبھی اجاگر کیا۔

مسلح افواج کی قیادت نے علاقائی امن کے فروغ کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کابھی اعادہ کیا۔عسکری قیادت نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، مسلح افواج عوام کے اعتماد پر پورااترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، مسلح افواج علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے اقدامات میں فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔