بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ اور نعیم فاؤنڈیشن برطانیہ کے اشتراک سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے راشن کی تقسیم کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔
اس فلاحی منصوبے کے تحت 20 ہزار بیوہ اور مستحق خواتین میں راشن تقسیم کیا جائے گا، تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کر سکیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران 500 سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، جس میں غریب، معذور افراد، طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین سمیت ایسے افراد شامل تھے جو اپنے خاندان کی کفالت کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم اور رکن قومی اسمبلی جناب سید مصطفی کمال اور ایم کیو ایم کے ایم پی اے فہیم پٹنی نے شرکت کی۔
اس موقع پر سید مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ اور نعیم فاؤنڈیشن برطانیہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ فلاحی کام لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو بنیادی سہولیات فراہم کرے، لیکن جب یہ کام مکمل نہیں ہو پاتا تو ایسے فلاحی ادارے آگے بڑھ کر معاشرے کی خدمت کرتے ہیں، جو قابل ستائش ہے۔
انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کی علمی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مجھے پتا چلا ہے جلد ہی اسے یونیورسٹی کا درجہ ملے گا۔
غزہ میں سردی سے 5بچے چل بسے، مسجد اقصی پر نئی اسرائیلی پابندیاں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ غریب طبقے کا خیال رکھنا دینی فریضہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں بے شمار بیوہ خواتین ہیں، جن کی کفالت کرنے والا کوئی نہیں، ایسے میں فلاحی اداروں کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے اور ہمیں اس مقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ اور نعیم فاؤنڈیشن برطانیہ اس سال رمضان المبارک میں 20 ہزار مستحق افراد میں راشن تقسیم کرے گا اور اس خیر و بھلائی کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔