لکھنو:بھارت میںجاری” ریپڈ ریل” اور ”میٹرو کوریڈور” منصوبوں کی آڑ میں رات گئے میرٹھ میں 168 سال پرانی مسجد کو منہدم کردیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسجد منصوبے کے تعمیراتی راستے پر واقع تھی جس کو نیشنل کیپیٹل ریجن ٹرانسپورٹ کارپوریشن تعمیر کررہی ہے۔ انہدام پولیس اور حکام کی نگرانی میں عمل میں آیا۔ابتدائی طور پر گزشتہ روز کچھ افراد نے ہتھوڑوں سے مسجد کے کچھ حصوں کو توڑنا شروع کیاتھا بعد ازاں رات تقریبا 1:30بجے مسماری کو مکمل کرنے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا گیا۔ حکام نے 20فروری کو مسجد کی بجلی منقطع کر دی تھی۔ 21فروری تک تمام اشیاء احاطے سے ہٹا دی گئیں۔
این سی آر ٹی سی حکام مسلسل مسجد کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ برجیش کمار سنگھ نے این سی آر ٹی سی حکام کے ساتھ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور انہدام سے قبل مقامی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی۔
مسجد انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے حاجی سوالہیں نے بتایا کہ ان کے پاس 1857کے قانونی دستاویزات موجود ہیں جو مسجد کی موجودگی کو ثابت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انہدام کے دن مسجد میں جمعہ کی نماز نہیں ہوئی تھی۔