پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے کا فیصلہ

لاہور:تحریک انصاف پنجاب نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر مبینہ سختیوں کی مذمت کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے باہر پرامن احتجاج اور دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کی زیر صدارت تنظیم کا ہنگامی اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی صدر حماد اظہر، ریجنل صدور، جنرل سیکرٹریز اور شوکت بسرا شریک ہوئے۔اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈاعمران خان کی رہائی اور فیملی سے ملاقاتوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے اور فیملی کی ملاقاتیں نہ کرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اوراڈیالہ جیل کے باہر پرامن احتجاج اور دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

سیکرٹری اطلاعات پنجاب شوکت بسرا نے کہا کہ اجلاس میں اڈیالہ جیل میں عمران خان پر حکومت کی طرف سے بے جا سختیوں کی بھی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کی طرف سے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز کو بھی احتجاج اور دھرنے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور ٹکٹ ہولڈرز روٹیشن کی بنیاد پر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا اور احتجاج کریں گے۔