اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے گورننس اور کرپشن کے تشخیصی جائزے کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی سنجیدگی اورعزم قابل تعریف ہے، تعاون کے فروغ کے لیے پُرامید ہیں۔
آئی ایم ایف نے مشن کے حالیہ دورہ پاکستان پربیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی سنجیدگی اور عزم کو سراہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پُرامید ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم رواں سال کے آخر میں مزید معلومات اکٹھی کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی اور گورننس، شفافیت، اقتصادی نتائج کو بہتربنانے کے مواقع تلاش کرے گی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کا مقصد حتمی جائزے کی تیاری میں مدد حاصل کرنا بھی ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشن کا مقصد 6 بنیادی ریاستی افعال میں گورننس، بدعنوانی کےخطرات کاابتدائی جائزہ لیناتھا، جن میں مالیاتی طرز حکمرانی، مرکزی بینک کی حکمرانی اور آپریشنز، مالیاتی شعبےکی نگرانی، مارکیٹ
کے ضوابط اور قانون کی حکمرانی سے متعلق امور شامل تھے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان میں نمائندے ماہر بنیسی کے مطابق آئی ایم ایف وفد مارچ کے اوائل سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ آئی ایم ایف وفد قرض پروگرام کے پہلے جائزے کے لیے مذاکرات کرے گا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ دورے میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد سے متعلق امور
کا بھی جائزہ لیا گیا۔