پولیس اور سیکورٹی فورسز کا لوئرکرم میں آپریشن ،30 افراد گرفتار

کرم:پولیس اور سیکورٹی فورسز نے لوئرکرم میں مشترکہ آپریشن کے دوران 18دہشتگردوں سمیت 30 افراد گرفتارکرلیا ہے۔ کارروائی کے دوران بارہ سہولت کار بھی گرفتارکیے گئے۔

بگن، چارخیل، ڈاڈ کمر، مندوری، اوچت سمیت مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کی گئی۔پولیس کے مطابق ضلع کرم میں مشترکہ 12سہولت کاروں کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے پارا چنارجانے والے 30 سے زائد ٹرکوں کو لوٹا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 19 ٹرکوں کو نذر آتش کیا، مزید دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کرم، اورکزئی، کوہاٹ میں چھاپے جاری ہیں۔قبل ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لوئر کرم کے چار دیہات خالی کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ان علاقوں میں شرپسند عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کیے جائیں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اوچت، مندوری، دادکمر اور بگن نامی دیہات خالی کروا کر وہاں موجود مسلح عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اعلیٰ سطح کے حکومتی اجلاس میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ملزمان و ماسٹر مائنڈز کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، ضلع میں موجود بنکرز کی مسماری کا عمل بھی تیزی سے جاری رہے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق، کوہاٹ امن معاہدے کے بعد بنکرز کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے تحت اب تک ضلع بھر میں 194 بنکرز مسمار کیے جا چکے ہیں۔

لوئر کرم کے گاؤں بالش خیل اور خارکلی میں 117 بنکرز کو مسمار کیا گیا۔ جبکہ اپر کرم کے پیوار اور تری منگل میں 77 بنکرز کو گرایا جا چکا ہے۔