آسٹریلیامیں ای بائیک بیٹری پھٹنےسے پاکستانی نوجوان جاں بحق

کینبرا:آسٹریلیا میں روزگار کے لیے مقیم پاکستانی نوجوان ای بائیک بیٹری پھٹنے سے آتشزدگی واقعہ میں جاں بحق ہو گیا۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک پاکستانی طالب علم کی المناک موت نے کمیونٹی میں گہرے دکھ اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ 21 سالہ حیدر علی جو اپنی روزی کمانے اور بہتر مستقبل کے خواب کے ساتھ آسٹریلیا آیا تھا، ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق حیدر علی ایک ای بائیک استعمال کرتا تھا جس کے ذریعے وہ اپنا روزگار چلاتا تھا، لیکن گزشتہ روزکی صبح یہ بائیک ہی اس کی جان لے گئی۔اطلاعات کے مطابق ای بائیک کی لیتھیم آئن بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

فائر بریگیڈ کے اہلکار صبح 5 بجے جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ پر قابو پا لیا، لیکن حیدر علی جانبر نہ ہو سکا۔ یہ واقعہ مغربی سڈنی کے علاقے گلڈ فورڈ میں پیش آیا، جہاں 5 دیگر افراد آگ سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے، مگر حیدر علی اپنے کمرے میں ہی پھنس کر جاں بحق ہو گیا۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا کے صدر حامد سروہا نے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام آسٹریلوی شہریوں کے لیے یہ ایک بڑا انتباہ ہے۔ براہ کرم غیر معیاری ای بائیکس اور لیتھیم چارجنگ والی اشیا ء کے استعمال سے گریز کریں۔