غزہ /تل ابیب :صہیونی وزیر اعظم کی دھمکی کے بعد دباﺅ بڑھانے کے لےے غزہ کے قریب امریکی بمبار طیاروں نے پروازیں کی ہیں، امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسٹریٹجک بمبار طیاروں نے مشرق وسطیٰ پر پرواز کی ہے۔ پروازوں کا مقصد خطے میں طاقت کی پروجیکشن کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا تھا۔غزہ کے قریب یہ پروازیں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی کہ حماس کی جانب سے تمام قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو ‘جہنم کے دروازے’ کھل جائیں گے۔
دریں اثناءسینکڑوں آباد کاروں نے قابض اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر اشتعال انگیز حرکات کے ساتھ ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں، فلسطینی مذہبی جماعتوں نے قبلہ اول کی بے حرمتی کے یہودی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھر اسرائیلی حکومت کی طرف سے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے میں ٹال مٹول سے کام لینے پر قیدیوں کے خاندانوں نے نیتن یاھو کی رہائش گاہ پر احتجاج کیا ہے۔اسرائیلی چینل 12 نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر جنگ کے آغاز کے 500 ویں دن کے موقع پر اسرائیلی شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی تکمیل کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے نیتن یاھو کی رہائش گاہ کے گرد گاڑیاں کھڑی کردیں۔سینکڑوں اسرائیلیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تبادلے کے معاہدے کو مکمل کیا جائے، سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر اس میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ مظاہرین نے تبادلے کے معاہدے کو مکمل کیے بغیر لڑائی میں واپس آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔غزہ پر جنگ کے 500ویں دن کے موقع پر اسرائیلی شہروں میں احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے جن میں غزہ کی پٹی سے قیدیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔تل ابیب میں بھی مظاہرین نے تبادلے کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کی نیتن یاہو کی کوششوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک بڑے چوک کو بند کردیا، قیدیوں کے اہل خانہ نے تل ابیب اور القدس میں جنوبی اسرائیل کی طرف جانے والی مرکزی سڑکوں کو بند کردیا گیا۔
دوسری جانب جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے جمعرات کو 4 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد ہو رہا ہے جبکہ اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، غزہ میں موبائل گھروں اور خیموں کی ترسیل پر پابندی برقرار ہے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے حماس ہفتے کے روز تین یرغمالیوں کو رہا بھی کرے گی۔اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اس کے 6 زندہ یرغمالیوں اور 4 لاشوں کو حماس کی جانب سے بھیجا جائے گا۔