اسلام آباد/وادی نیلم:محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک سالی کے بعد 18فروری سے20فروری تک بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس دورانیے میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور اندرونِ پنجاب بارشوں کا امکان ہے۔اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولن ہائی رہے گی اور اس میں اضافہ ہوگا۔کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
گزشتہ 24گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالا ئی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی با رش اور برفباری ہوئی جبکہ مری میں بھی بارش اور ہلکی برفباری ہوئی۔سب سے زیادہ بارش چار ملی میٹر مالم جبہ میں ہوئی، پٹن 03، میر کھا نی، چترال اور دیر میں 01ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ میں 01انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب کراچی میں موسم سرما کے اختتام کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ پارہ 34ڈگری تک جاسکتا ہے ۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار خراب ہے، ہوامیں آلودہ ذرات کی مقدار 158پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 4ماہ کے دوران 40فیصد کم بارشیں ہونے کے پیش نظر خشک سالی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی 52فیصد کمی کے ساتھ صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے۔صوبہ سندھ میں 52، بلوچستان میں 45اور پنجاب میں 42فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔
ادھروادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ گریس، شونٹھر، سرگن، جاگراں ویلی میں5 سے8 انچ جبکہ پہاڑوں پر ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ برف باری کے باعث شاردہ کیل تاوبٹ روڈ ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی شاہراہِ نیلم شاردہ تک ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بحال ہے۔