ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا،نواز شریف

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا،سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا ، بد تہذیبی، بدتمیزی ،بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا۔

معیشت اور اقدار تباہ کیں ، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا،پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران کیا۔ساہیوال، خانیوال، ملتان ، لودھراں، وہاڑی اور بہاول نگر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی۔کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی تبدیلی کی سوغاتیں تھیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔

ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے، جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں ۔

ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف وعدوں کی تکمیل، وطن سے وفا کے نام ہیں ، نوازشریف اور شہبازشریف نے ذاتی تکالیف بھلا کر ہمیشہ پاکستان اور عوام کی تکلیفیں دور کی ہیں، پاکستان کے چپے چپے پر نوازشریف اور شہبازشریف کی ترقی کے نشان موجود ہیں ۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ”شہباز اسپیڈ”سے کام کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی کوششوں سے آئی ایم ایف پروگرام بحال ہوا اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا، مریم نوازنے نوازشریف اور شہبازشریف کے دور کی یاد تازہ کردی ہے ، ہمیں اپنی وزیر اعلیٰ پر فخر ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن چیلنج سمجھ کر سنبھالا ، قیادت اور جماعت کا شکریہ مجھے یہ ذمہ داری دی۔

اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔ پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید،رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔