انسانی اسمگلنگ کیخلاف گھیرا تنگ ،عالمی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

اسلام آباد/کراچی:ایف آئی اے کوہاٹ زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے رواں برس لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت حبیب الرحمٰن اور نوید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تازہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ ان کے دیگر ساتھی اٹلی سے انسانی اسمگلنگ کا گینگ چلا رہے تھے۔

ملزمان کو چھاپا مار کارروائی میں پشت بازار باجوڑ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان رواں ماہ لیبیا میں ہونے والے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔

ادھرایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق موریطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں کی شناخت سمیع اللہ داد اقبال ، مرتضیٰ خان، شاہ ولی اور ارشد کے نام سے ہوئی۔

مسافروں کا تعلق حافظ آباد، گجرانوالہ اور سوات سے ہے۔ایجنٹوں نے مسافروں سے بالترتیب 25 اور 35 لاکھ روپے فی کس کے عوض یورپ پہنچانے کے معاملات طے کیے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر دبئی، سعودی عرب اور قطر کے راستے موریطانیہ پہنچے تھے۔ موریطانیہ پہنچنے پر ایجنٹوں نے مسافروں کو غیر قانونی طور یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔

مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر سفر کرنے سے انکار کردیا اور واپس آگئے۔ ایجنٹوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ مسافروں سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ ایجنٹوں کی نشان دہی کے لیے مسافروں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت 9 ملکوں سے ایک دن میں مزید 47 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے منشیات کیسز میں 6 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

آذربائیجان سے 4 پاکستانیوں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ملائیشیا اور عراق میں غیر قانونی داخلے پر 4 مسافروں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ سری لنکا اور زمبابوے سے بھی دو پاکستانی شہریوں کو بے دخل کیا گیا ہے۔