لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت فتنہ الخوارج اور کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں تیزی کے لیے 50سے زائد جدید ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی خریداری حتمی مراحل میں داخل ہوگئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج، کچے کے ڈاکوئوں سے مقابلے کے لیے سی ٹی ڈی اور بارڈر ایریا پولیس کے لیے مزید 25بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری شروع کر دی گئی۔
فتنہ الخوارج کے خلاف پنجاب پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے 26جدید تھرمل سرویلنس سولیوشن اور تھرمل رائفلز اسکوپ خریدے جا رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 60سے زائد ڈرونز بھی خریدے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں اور شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے، بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر ہمارے جانباز دہشت گردوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
سرحدی چوکیوں کو مضبوط کرکے جدید ٹیکنالوجی اور تھرمل کیمروں سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوان ڈی جی خان اور میانوالی میں فتنہ الخوارج کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں،ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کے لیے ہمارا ہر سپاہی سربکف ہے۔