بلوچستان میں سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملے، 4 اہلکار شہید، 8 زخمی

اسلام آباد/ کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کا حملہ ، تین اہلکار شہید ، چھ زخمی ہوگئے ۔، ضلع قلات میں لیویز چوکی پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی جس سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔
سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق اتوار کو بلوچستان کے ضلع کیچ  کے علاقے دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین اہلکا ر شہید جبکہ چھ زخمی ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔ مزید کاروائی جاری ہے ۔
قلات کے علاقے میں لیویز کی چیک پوسٹ پر حملہ ایک اہلکار شہید ،دو شدید زخمی ہوگئے ۔ لیویز حکام کے مطابق اتوار کو بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے توغو چھپر لیویز چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار کانسٹیبل علی نواز شہید ہوگیا اور کانسٹیبل غلام علی ولد گل محمد اور محمدایوب ولد واحد بخش شدید زخمی ہوگئے ۔ حکام کے مطابق لیویز کے جوانوں کی جوابی کاروائی سے حملہ آور موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے ، واقعہ کے بعد لیویزفورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کےلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع آواران میں پولیس تھانے اور لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ لیویز حکام کے مطابق گزشتہ شب ضلع آوران کے علاقے مشکے میں کلار کے مقام پر مسلح افراد نے لیویز کی چیک پوسٹ اور مشکے میں پولیس تھانے پر حملہ کردیا ۔ حملہ آور متعدد ایس ایم جی، وائر لیس سیٹ سمیت دیگر سامان اپنے ہمراہ لیکر فرار ہوگئے ۔تاہم واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قلات میں لیویز پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہباز شریف نے شہید کی بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔