غزہ : جنگ بندی معاہدے کے تحت آج تیناسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں سے 369فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا،غزہ جنگ بندی معاہدہ برقرار رکھتے ہوئے حماس نے 3 اسرائیلی قیدیوں کی فہرست جاری کر دی۔الجزیرہ کے مطابق حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد نے 3 قیدیوں کی فہرست جاری کی ہے جسے اسرائیل نے قبول کر لیا ہے۔
اسرائیل کے 3 مرد قیدیوں کو حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد آج غزہ میں رہا کریں گے۔فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق رہائی پانے والوں میں عمر قید کی سزا پانے والے 36 اور غزہ کی پٹی کے 333 قیدی ہیں جنہیں 7 اکتوبر کے بعد بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا گیا تھا۔
ادھر اسرائیل نے غزہ اور بیروت میں جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی حملے کردئیے۔اسرائیل کی جانب سے بیروت میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دعوی سامنے آیا ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے جنین کو دوسرے غزہ میں تبدیل کردیا ہے، اسرائیلی فوج کے ہاتھوں چند روز میں 470 مکانات اور املاک مسمار کردی گئیں،قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ پچیس دنوں سے جاری جارحیت اور جنین میں منظم دہشت گردی کے دوران 470 گھروں اور تنصیبات کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جنین شہر اور اس کے کیمپ پر قابض فوج کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 25 افراد شہید، درجنوں زخمی اور بنیادی ڈھانچے اور املاک کو بڑے پیمانے نقصان پہنچا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ جنین کیمپ پر جاری جارحیت نے 20,000 شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا ہے۔ بڑے پیمانے پر املاک اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرکے وہاں بسنے والوں کو سنگین بحران سے دوچار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جاری بمباری اور تباہی کے نتیجے میں 470 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں اور جنین شہر کے مکین پانی اور بجلی کی مکمل بندش کا شکار ہیں۔کم سن اور شیر خوار بچوں کے لیے خوراک اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت ہے۔