پی آئی اے پروازوں کے لیے برطانیہ سے بھی اچھی خبر متوقع

لندن:فرانس کے لیے پاکستان ایئر لائنز کی پروازیں بحال ہونے کے بعد برطانیہ نے بھی آئندہ ماہ سے پاکستان کی قومی ایئر لائن کی پروازوں کی بحالی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پی آئی اے پر جولائی 2020 سے برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے پر پابندی عائد ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی سیفٹی کمیٹی نے12 مارچ کو پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ طے کرلی ۔

اجلاس میں کمیٹی پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کا جائزہ لے گی، برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور محکمہ برائے ٹرانسپورٹ پی آئی اے اور پاکستان سول ایوی ایشن کی تازہ ترین آڈٹ رپورٹس پیش کریں گے۔ اگر برطانوی سیفٹی کمیٹی نے منظوری دی تو پی آئی اے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کر سکیں گی۔