ٹرمپ کا غزہ پلان مسترد کرنے پر حماس کی سعودیہ، مصر اور اردن کی تحسین

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مصر ، اردن اور سعودی عرب کے جبری منتقلی کے خلاف موقف کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اس موقف کو سراہا ہے جس میں ان ممالک نے غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں کی جبری ہجرت سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو یکسر مسترد کر دیا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ عرب سربراہ اور اسلامی وزراء کے اجلاسوں میں اسی موقف کو اپنایا جائے۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ ہم مصر، اردن، سعودی عرب اور ان تمام ممالک کے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جانب سے ٹرمپ کی تجویز کردہ جبری ہجرت کی پالیسی کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جبری ہجرت کا مخالف یہ موقف آئندہ عرب سربراہ اجلاس اور اسی طرح اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی اپنایا جائے۔

کے پی کے، فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 13 خوارج ہلاک

سعودی عرب نے منگل کے روز فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری ہجرت کے حوالے سے انتہا پسندی پر مبنی اسرائیلی بیان کو قطعا مسترد کر دیا تھا۔

اسی طرح اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی بھی امریکی صدر کی تجویز کو مسترد کرچکے ہیں۔