کراچی میں ٹریفک حادثات بڑھ گئے، 40 دنوں میں کتنے افرادلقمہ اجل بنے؟

کراچی:کراچی میں سڑکوں پر دندناتے ڈمپر نے ایک اور گھر کا چراغ گل کر دیا رواں سال کے ابتدائی 40 دنوں میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

منگل کی علی الصبح ہاکس بے روڈ مشرف کالونی میں شیراز بس اسٹاپ کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر جان لے لی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈمپر تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں کے ابتدائی 40 ایام میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 104شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔ادھر شہر میں ہیوی ٹریفک جلائے جانے کے واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹرز احتجاج پر اتر آئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے شہر کے داخلی راستے بند کردیے جس کے باعث پورٹ قاسم، حب چوکی اور نیو سبزی منڈی کے مقام پر سڑک بند کردی گئی جب کہ ٹرانسپورٹر نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہونے سے دیگر شہروں سے کراچی آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ڈمپر اور ٹینکرز جلائے جانے کے واقعات پر وزیر داخلہ نے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعات کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

ادھرکراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا ہے، جس کے بعد شہریوں نے معاملات اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے متعدد مال بردار ٹرکوں اور واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی ، جس کے بعد واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن نے شہر میں پانی کی سپلائی روک دی ہے۔لانڈھی اورکورنگی کے علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے تین مال بردار ٹرکوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 6 میں ایک ٹرک جبکہ لانڈھی میں دو ٹرکوں کو آگ لگا کر ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق آگ لگنے والے ٹرکوں پر مختلف اقسام کا مال لدا ہوا تھا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔الکرم اسکوائر کے قریب بھی نامعلوم افراد نے مال بردار ٹرالر جلانے کی کوشش کی لیکن علاقہ پولیس اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر فوری قابو پا کر ٹرالر جلنے سے بچا لیا ۔

سرجانی ٹائون میں بھی عبداللہ موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو روکا اور پیٹرول ڈال کے آگ لگائی، جس پر ڈرائیور نے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھری نفری پہنچ گئی۔پولیس حکام کے مطابق لانڈھی میں مال بردار ٹرک کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ہیوی گاڑیوں کوآگ لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسی کی املاک کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے ، گاڑیاں جلانیوالے10سے زائدافراد کو گرفتارکیاہے، گرفتارملزمان کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ ہوگا۔

واٹر ٹینکر نذر آتش کئے جانے کے بعد شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔گزشتہ روز سے واٹر ٹینکرز کی سپلائی بند ہونے کے سبب شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ عوامی ردعمل کے بعد ٹینکر مالکان نے بھی اپنے ٹینکرز بند کر دیئے ہیں جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔