عمرکوٹ:عمرکوٹ ضلع میں خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی،ایک ہی خاندان کے10 بچے خسرہ میں مبتلا ہوگئے،2 بچے جاں بحق ہوگئے،
عمرکوٹ ضلع میں خسرہ کی وبا ء پھوٹنے سے عمرکوٹ ضلع کے ڈھورو نارو کے گاؤں حاجی خان محمد منگریو میں ایک ہی خاندان کے10افراد خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں جبکہ متاثرہ بچوں میں سے 2 بچے 3 سالہ عائشہ بنت علی خان اور 4 سالہ محمد صالح ولد عرض محمد دم توڑ گئے ہیں، جبکہ ایک بچی کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد ریفر کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو ہفتوں کے دوران مذکورہ گاؤں کے 10 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے ہیں،بچوں کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کو خسرہ سے بچا کی ویکسین نہیں کروائی گئی تھی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر فرید احمد ہنگورجہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ 4بچے ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں ایک بچی کو حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچوں کو خسرہ کی بیماری سے بچا ؤکی ویکسین کی جا رہی ہے،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ خسرہ کی وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا۔