لاہور:پنجاب کابینہ نے30ارب کے رمضان پیکیج اور6ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے سمیت دیگر اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں نگہبان رمضان پیکیج کیلئے 30ارب روپے کی منظوری دی گئی جس سے 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔اس موقع مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکیج کا اے ٹی ایم کارڈ متعارف کرایا جائے گا جس سے پنجاب میں پہلی مرتبہ عوام کو لائنوں میں نہیں لگنا پڑے گا اور انہیں گھر بیٹھے 10ہزار روپے ملیں گے۔
اجلاس میں 5ہزار960 کانسٹیبل بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں اسپیشل افراد اور سینئر سٹیزن کیلئے مفت سفر کی سہولت بھی منظور کی گئی، طلبہ کیلئے خصوصی اسٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کرانے کی تجویز پراتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرام سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کینسر کا جدید طریقہ علاج متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اسی تناظر میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کینسر کے مریضوں کی کیموتھراپی کے متبادل کرایو بلیشنمشین کیلئے 58 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
پنجاب بھر میں اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کو سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسپیشل ایجوکیشن مراکز کو اسپیشل افراد کیلئے فرینڈلی اوربہتربنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں اسپیشل افراد کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے 127بھرتیوں کیلئے پابندی میں نرمی کی منظوری دی، دوسری جانب چلڈرن پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورومیں 87 اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی جبکہ بیسک اینڈ کلینکل سائنسزکیلئے عمر کی حد 65 سال کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے آئی سی ٹی میں 25 اسامیوں اور تونسہ اورمنکیرہ کے 4 دانش اسکولوں میں اسٹاف کی بھرتی کی منظوری دی گئی، اسی طرح فارسٹ ڈیپارٹمنٹ میں خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
وزیراعلی کی زیرصدارت اجلاس میں مری میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت 500 اسامیوں پر بھرتیوں کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور پنجاب میں ایکسل روڈ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کیلیے موٹروہیکل آرڈیننس 1965ء میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے لینڈ لیور کی جگہ بھی ایک ہزار مفت ٹریکٹر دینے کی منظوری دے دی گئی، پنجاب میں ریسکیو 1122کی سروسز کی 353 گاڑیوں کی مرحلہ وار تبدیلی کا فیصلہ بھی کیا گیا، پہلے مرحلے میں 117ریسکیو1122ایمبولینس مہیاکی جائیں گی۔
دوران اجلاس وزیراعلی مریم نوازشریف سڑکوں پر گڑھے فوری طورپر پر کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی کابینہ نے صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یہ منظوری بھی دی کہ سرمایہ کارآئیں، انڈسٹری لگائیں، کام کریں، ڈاکومینٹیشن بعد میں ہوگی۔
کابینہ اجلاس میں اسپیشل اکنامک زون انڈسٹریل اسٹیٹ، اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے زیرو ٹائم ٹوا سٹارٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں، جتنی انڈسٹری لگاسکتے ہیں لگائیں، فوری طورپر این او سی ملے گا، مریم نواز نے کہا کہ انڈسٹری لگانے کیلئے مشکل پراسس کو آسان اور بزنس فرینڈلی بنائیں گے۔
دریں اثناء جشن سٹیم میں شرکت اور طلبہ میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئیوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ تحریک انصاف نے 4سالہ دور اقتدار میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے آپ سب بچوں پر بہت فخر ہے، سرکاری اسکولوں میں تعلیم پرائیویٹ سے بہت پیچھے ہے، سرکاری اسکولوں کے بچوں میں بہت پوٹینشل ہے، تھوڑی سی توجہ دی جائے تو سرکاری اسکولوں کے بچے پوری دنیا فتح کرسکتے ہیں۔
یہاں 1100بچے موجود ہیں، میں ان تمام 1100بچوں کو ایک ایک لیپ ٹاپ دوں گی۔پنجاب کی مٹی بہت زرخیز ہے، بچوں کو کہا کچھ بھی ہوجائے خواب دیکھنے نہیں چھوڑنے، میں بطور وزیراعلیٰ تمام بچوں کی ماں ہوں، وعدہ ہے ہر روز آپ کیلئے کام کروں گی۔
دنیا کے مقابلے کیلئے آپ کو انگریزی پر بھی مہارت حاصل ہونی چاہیے، بچوں کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کونسا راستہ کامیابی اور کونسا تباہی کی طرف جاتا ہے۔
میرٹ پر آنے والے 30ہزار بچوں کو جب اسکالر شپس دیے تو بہت خوشی ہوئی، لوگوں کو لگتا ہے یہ سب پلانٹڈ ہے، میرا اور آپ کا پیار کا رشتہ لوگوں کو برداشت نہیں ہوتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو تنقید آپ کو بری لگتی ہے وہ آپ کو آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے، دل میں یہ لے کر چلنا ہے کہ تنقید کرنے والوں کو اپنی محنت سے شکست دینی ہے۔مخالف پر چور ڈاکو کے طعنے کسنے والا آپ کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتا، طلبہ وعدہ کریں ملک کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے، کسی کے ذاتی مقاصد کیلئے ایندھن مت بننا۔
علاوہ ازیںخواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن برائے سائنس پر خصوصی پیغام میںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ ترقی کیلئے اپنی بیٹیوں کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں خواتین کا کردار محض ضروری نہیں بلکہ ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین اور لڑکیوں کو سائنسی و تکنیکی میدان میں آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔