ادارے قبل ازوقت انتخابات کیلئے تیار،پی ٹی آئی نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

پشاور/اسلام آباد:پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے،ادارے دو سال قبل ازوقت انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں فوری انتخابات چاہتی ہیں،صوابی جلسے میں توقعات کے مطابق لوگ آئے، ہمیں نمبر گنوانے کی ضرورت نہیں ۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا دور ہے سب نے دیکھا کتنے لوگ تھے۔ صوابی میں کامیاب جلسے پر بانی پی ٹی آئی کو خوشی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیال تھا کسی نے فنڈز کی کمی کا کہا ہوگا، فنڈز کا رونا رونے والوں کو دکان کھولنی چاہیے ، کسی کو گاڑیاں پہلے دی ہیں نہ آئندہ دیں گے، سزا و جزا کا اختیار میرے پاس نہیں، آئندہ کیلئے ایسے لوگوں کا راستہ روکوں گا جو محنت نہیں کرتے۔

دریں اثناء اپنے ایک بیان میں جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، بانی چیئرمین کے ہاں اختلافات کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوابی جلسے میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے گئے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے فی الحال چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق نہیں ہوا، پارلیمانی کمیٹی بنی تو ہی نام بھجوائیں گے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر،ممبر بلوچستان اور سندھ کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی ہے، 26ویں ترمیم کے مطابق یہ چل رہے ہیں، وزیراعظم کو چاہیے تھا اپوزیشن لیڈر سے اس حوالے سے بات کرکے 3نام آگے بھیجتے لیکن وزیراعظم کی جانب سے کچھ نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ آئینی تقاضا ہے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا پراسیس 45روز میں مکمل ہو، ہم نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے خط بھی بھیجے ہیں ،عمر ایوب نے بطور اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی خط لکھا، شبلی فراز نے بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ خط لکھا، خط میں لکھا ہے آپ پارلیمنٹری کمیٹی بنائیں، جیسے ہی پارلیمنٹری کمیٹی بنے گی ہم اپنے نام بھیجیں گے۔

قبل ازیںپی ٹی آئی رہنما سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بنانے جارہے ہیں، انصاف دینے والے ادارے اگر کمزور ہو جائیں تو لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور ملک ترقی نہیں کرتا۔

پشاور میں حفاظتی ضمانت اور کیسز کی تفصیلات سے متعلق عدالت آنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ہم ایک سیاسی جماعت ہیں اور اپوزیشن میں ہیں، ہمیں اپوزیشن بنا دیا گیا ہے لیکن ہم سیاسی جدوجہد کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے ریاست جان و مال کی حفاظت کی گارنٹی دیتی ہے، جب لوگ سمجھیں کہ ایسا ممکن نہیں تو لوگ سرمایہ کاری نہیں کرینگے، کسی بھی معاشرے کی اصل بنیاد انصاف ہے۔