کراچی والوں نے ہیوی ٹریفک کے خلاف ازخود محاذ سنبھال لیا

کراچی:کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر ہیوی ٹریفک کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ احتجاج کرنے والے شہریوں نے ہیوی گاڑیوں کی چابیاں نکال لیں اور خود ہی ٹینکرز کو روکنا شروع کر دیا۔

مظاہرین نے ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز سے کاغذات طلب کیے اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، اس کے باوجود ہمیں روکا جا رہا ہے، جبکہ ٹینکرز والوں سے کوئی باز پرس نہیں کی جاتی۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ رشوت دے کر یہ ٹینکرز سڑکوں پر نکلتے ہیں، جس سے ٹریفک جام اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

ناگن چورنگی کے قریب شہریوں نے ہیوی ٹریفک کے خلاف احتجاج کیا توپولیس نے ٹرک ڈرائیور کو چھوڑ کر مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ہیوی ٹریفک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، مگر روڈ کھلوانے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

مظاہرین کے مطابق جب وہ پولیس کے ہمراہ تھانے پہنچے تو ان کے ساتھیوں کو بند کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کوموصول ہونے والی ویڈیو میں ایک شہری نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس نے وعدہ خلافی کی اور بجائے ٹرک ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرنے کے، مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔