اسلام آباد : پاکستان میں کھانے پکانے کے اخراجات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں لاکھوں افراد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ان بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو دیگر ضروریات پر سمجھوتا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
رمضان المبار کی آمد سے قبل گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی کلو چھ روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اے-گریڈ گھی کی تھوک قیمت 595 سے 600 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بی -گریڈ برانڈز کی قیمت 540 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔ بی-گریڈ گھی کے دیگر کچھ برانڈز 550 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔
رمضان المبارک سے قبل قیمتوں میں اچانک اضافے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے نرخوں میں اضافہ کیا جاتا ہے اور بعد میں انہیں کم کر کے حکومت کی جانب سے “مہنگائی کنٹرول” کا تاثر دیا جاتا ہے۔
