عمران خان آرمی چیف کو ایک اور خط لکھنے کے لیے تیار

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئندہ ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ایک اور کھلا خط لکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے صوابی جلسے پر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزادی کی جنگ ختم نہیں ہوئی ہے،جو لوگ اس جنگ میں شریک ہیں، تاریخ انہیں یاد رکھے گی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی فیصلہ کریں آپ نے رول آف لا کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو بانی نے پیغام دیا ہے ترسیلات زر چوروں کو نہ بھیجیںاور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا میں اپنے کیسز کا سامناانہی ججز کے سامنے کرونگا، میں کوئی ڈیل نہیں کرونگا، آرمی چیف کو خط ڈیل کیلئے نہیں بلکہ سمجھانے کیلئے لکھا تھا، خط اس لئے لکھا کیونکہ فوج اور عوام کے فاصلے بڑھ رہے ہیں۔
دریں اثناء بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ26 ویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے، اڈیالہ جیل کے اندر بھی کنٹرولڈ ماحول میں ٹرائل کیا جارہا ہے۔آرمی چیف کو دوسرا خط اس لئے لکھ رہا ہوں کیونکہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا ہے، 26ویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے، پاکستان رول آف لاء انڈیکس پر 140 ویں نمبر پر ہے وہ ملک کی بہتری کیلئے بات کرتے رہیں گے۔ جمہوریت ختم ہے، عدلیہ کنٹرول ہے ہمیں احتجاج نہیں کرنے دیا جارہا، خط لکھنے کا مقصد اہم معاملات کی طرف توجہ دلانا ہے۔