8 ججز کی تعیناتی،پی ٹی آئی کا جوڈیشل کمیشن اجلاس موخرکرنے کا مطالبہ

اسلام آباد/لاہور:سپریم کورٹ میں 8 ججز کی تعیناتی کے معاملے پر ممبر جوڈیشل کمیشن سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔

سینیٹر علی ظفر نے خط میں آج کا اجلاس موخر کرنے کی درخواست کی ہے۔خط میں اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاگیا ہے کہ معاملہ حل ہونے تک اجلاس موخر کیا جائے جبکہ سپریم کورٹ کے چار ججز بھی اجلاس موخر کرنے کی درخواست کر چکے ہیں۔

خط میں لکھا ہے کہ ججز کی ٹرانسفر سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی سینیارٹی لسٹ تبدیل ہوگئی اور ججز کے تبادلے سے تاثر ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کے لیے بندوبست کیا گیا ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے خط میں درخواست کی ہے کہ کمیشن نے اگر اجلاس کرنا ہی ہے تو ٹرانسفر شدہ ججز کو زیرغور نہ لایا جائے۔

دریں اثناء لاہورہائیکورٹ میں مزید4ججزتعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن نے نامزدگیاں13فروری تک طلب کرلیں۔

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 4ایڈیشنل ججزپنجاب کی ضلعی عدلیہ سے لئے جائیں گے۔جوڈیشل کمیشن کی جانب سے ارکان کو آگاہ کر دیاگیا ہے۔