اسلام آباد/کراچی:ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے علاوہ صحت کی دیگر سہولیات بھی مزید مہنگی ہو گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے دوران صحت کی سہولیات 1.27 فیصد تک مہنگی ہوئیں ، میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں مزید 5.36 فیصد اضافہ ہوا ،سالانہ بنیادوں پر میڈیکل ٹیسٹ 15.16 فیصد تک مہنگے ہوئے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ جنوری میں کلینک مزید 4.28 فیصد ، ڈینٹل سروسز 2.22 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 26.16 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔
جنوری کے دوران اسپتال مزید 0.36 فیصد تک مہنگا ہونے کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران 13.09 فیصد تک مہنگے ہوئے۔
دستاویز کے مطابق جنوری کے دوران ادویات کی قیمتوں میں 0.52 فیصد تک مزید اضافہ ہوا، ایک سال کے دوران ادویات 17.48 فیصد تک مہنگی ہو گئیں۔
ادھرکراچی کی میڈیسن مارکیٹ سے دو جعلی ادویہ پکڑی گئیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے دو جعلی ادویہ کے ریپڈ الرٹ جاری کر دیے۔
کراچی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے مارکیٹ میں جعلی ادویات کی نشاندہی کی ہے جس کے بعد کراچی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے دو ادویہ کے سیمپلز کو جعلی قرار دیا ہے۔ڈریپ کے مطابق جعلی اینٹی بائیوٹک کیپسول، پین کلر ٹیبلٹ کے دو بیچ مارکیٹ میں موجود ہیں، ڈریپ نے ایووسیف کیپسول، ٹرامیکنگ ٹیبلٹ کو مضر صحت قرار دے دیااور ایووسیف کیپسول، ٹرامیکنگ ٹیبلٹ کی فروخت، استعمال پر پابندی عائدکردی گئی ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ ایووسیف 250 ایم جی کیپسول کا بیچ ایچ ایف 001 اور ٹرامیکنگ 225 میگا ٹیبلٹ کا بیچ ٹی آر ڈی 2002 جعلی ہے، ادویات کے سیمپلز کوالٹی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اترے۔
ایووسیف کیپسول، ٹرامیکنگ ٹیبلٹ جعلی سالٹ سے تیار کردہ ہے۔ڈریپ کے مطابق جعلی ادویات کا معیار، افادیت غیر واضح علاج پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، جعلی ادویات کا استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈریپ نے فیلڈ فورس کو ایووسیف، ٹرامیکنگ ٹیبلٹ کے بیچز ضبطگی کی ہدایات جاری کردی ہے اور کہاہے کہ ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسز اسٹاک میں ایووسیف، ٹرامیکنگ کی پڑتال کریں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ فارمیسی، میڈیکل اسٹورز جعلی کیپسول اور ٹیبلٹ کی فروخت روکیں، ڈریپ کی ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹس سرویلنس تیز کرنے اور جعلی ادویات کے سپلائرز کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔