پی ٹی آئی کا یوم سیاہ ناکام،ایک آدمی بھی باہر نہیں نکلا،وزیر اطلاعات

لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا یوم سیاہ بری طرح ناکام ہوا، بتایا جائے خیبر پختوانخوا میں یوم سیاہ کس کے خلاف تھا۔

کارکنان کیلئے ایسے کارڈ کا اجرا ہونا چاہیے جس سے پتہ ہو کون سا ورکر کس وقت میں آیا، مشکل دور میں آئے ورکرز کا نام مجاہد دور رکھا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتقال کر جانے والے کارکنان کیلئے مسلم لیگ (ن)لاہور کے دفتر میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق،سینیٹر پرویز رشید ،لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر ،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق،ماجد ظہور، سید توصیف شاہ ،مہر اشتیاق سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سید حسن اصغر ( گڈو شاہ)مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن تھے ، انہوں نے پارٹی کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں،کارکنان نہ ہوں تو کوئی ایم پی اے یا کوئی وزیر نہیں ہے، ایسے کارکنان جو پارٹی کو اپنا خون پسینہ دیتے ہیں ان کے اہل خانہ کی مالی مدد ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم (ن) کی قیادت اور رہنمائوں پر مشکل دور گزرا ہے ،عدالتوں ،کچہریوں تھانوں میں تمام ورکرز موجود ہوتے تھے،اگر ورکرز آواز نہ اٹھاتے تو خزاں کے بعد بہار بھی نہ آتی۔

پی ٹی آئی کے اعلان کردہ یوم سیاہ پر ایک آدمی بھی باہر نہیں نکلا،میں نے ایک یونین کونسل میں جلسہ کیا وہاں جتنی کرسیاں اور لوگ تھے ، ساری پی ٹی آئی والے اتنے لوگ نہ اکٹھے کر سکے۔

بتایا جائے خیبر پختوانخوا میں یوم سیاہ کس کے خلاف تھا ،پی ٹی آئی کی پالیسی اور یوم سیاہ ناکام رہا۔

خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیل میں شیا ٹیکا ہوگئی تھی اس لئے بیٹھ نہیں سکتا تھا ۔سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں جنہوں نے پارٹی کیلئے زندگی وقف کی اسے ہر حال میں یاد رکھنا چاہیے۔