پی ٹی آئی نے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر سردار ایاز صادق کی دعوت کا جواب دے دیا۔

رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کا باب بند ہوگیا، اب ہم مذاکرات نہیں کرینگے، حکومت کے ارادے ٹھیک ہیں اور نہ ہی نیت۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات خواہشات پر نہیں، مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی طرف سے مذاکرات کی دعوت مسترد کرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف یہ کہا تھا کہ ان کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہیں۔قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کی باضابطہ دعوت تب دی جائے گی جب حکومت یا اپوزیشن کی جانب سے انہیں خود درخواست کی جائے گی۔ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار بھی یہی ہے اور انہوں نے اپنی پوزیشن کلیئر کی تھی۔