حیدرآباد: وکیل پر مقدمے کے اندراج کے خلاف حیدرآباد بائی پاس پر وکلاء کا دھرنا 24 گھنٹوں سے جاری ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے وکیل کے خلاف مقدمہ کرنے پر وکلاء نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر دھرنا دے رکھا ہے جس سے ٹریفک روانی متاثر ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
24 گھنٹوں سے جاری دھرنے کے باعث کراچی سے ملک کے دیگر حصوں کو جانے والی قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔دوسری جانب آج حیدرآباد بار ممبران سے اظہاریکجہتی کے لیے کراچی بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کے باعث عدالتی عمل ٹھپ ہے۔
واضح رہے 4 دن قبل حیدرآباد میں بھٹائی نگر پولیس نے علی رضا ایڈووکیٹ کے خلاف جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے الزام میں جعلسازی اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کار تحویل میں لے لی تھی۔وکیل پر مقدمے کے خلاف وکلاء برادری نے ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں دھرنا دیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ بھٹائی نگر تھانے کے ایس ایچ او اور ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجھار کو برطرف کرکے مقدمہ ختم کیا جائے۔
