معاشی ترقی کا تسلسل کیسے ہوگا؟ نواز شریف نے بتادیا

لاہور:مسلم لیگ(ن )کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کے لیے اچھے اشارے ہیں،معاشی ترقی کے تسلسل سے ہی عوام کے حالات بدل سکتے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو اللہ تعالی کی مدد آتی ہے۔ عوام کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس کا صلہ اور انعام اللہ ہی دیتا ہے۔ معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کے لیے اچھے اشارے ہیں۔ 30ہزار پر آنے والی اسٹاک ایکسچینج آج 1لاکھ 20ہزار پوائنٹس کی حدوں کو چھو رہی ہے جو معاشی ترقی کے تسلسل کا ثبوت ہے۔
صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بڑی محنت کر رہے ہیں اور اداروں و نظام کی اصلاح پر ٹھوس پیش رفت جاری ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کا تنزلی کی طرف سفر رک گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت اور خدمت سے نہ صرف پنجاب کے عوام کا دل جیتا بلکہ پارٹی کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت مسلم لیگ ن کی پہچان ہے، یہی ہمارا اصل امتحان ہے۔ قیادت کی رہنمائی اور آپ سب کی تائید و حمایت ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، پاکستان کو ترقی صرف مسلم لیگ ہی دیتی ہے۔ اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی کی گئی۔