انتشار نہ ٹکرائو، پی ٹی آئی کل کیا کرنے جارہی ہے؟

صوابی:تحریک انصاف نے کل 8 فروری کے الیکشن کو ایک سال مکمل ہونے پر انتشار اور ٹکراؤ نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ کل صرف صوابی میں جلسہ ہوگا جب کہ تحصیل اور یو سی کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا، انتشار اور ٹکراؤ کا ارادہ نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے سوال پر سلمان اکرم نے کہا کہ ان کا گمان یہی ہے کہ مولانا عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے مگر پی ٹی آئی آئین اور عدلیہ کے لیے اصولوں پر کھڑی ہے جو ساتھ چلتا ہے چلے ، ورنہ پی ٹی آئی اکیلے ہی آگے بڑھے گی۔
دریں اثناء پی ٹی آئی نے یوم سیاہ کا پلان فائنل کرتے ہوئے اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کوواضح ہدایات جاری کردیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی عوام سے صوابی جلسے میں شرکت کی اپیل کردی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یوم سیاہ پر ہر پاکستانی گھر سے نکلے ۔
پی ٹی آئی کے صوابی میں 8 فروری کے احتجاج کے معاملے میں مری میں تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ دفعہ 144 تین دن کے لیے صبح آٹھ بجے سے رات دس بجے تک نافذ رہے گی جس کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد مری میں جلسے، جلوس، ریلی اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔