عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری، ویکسین کی شرط معطل

ریاض / اسلام آباد : سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کیلئے گردن توڑ بخار ویکسین کی شرط معطل کردی۔ ذرائع کے مطابق عمرہ زائرین اب گردن توڑ بخار کی ویکسین لگوائے بغیر سعودی عرب جاسکیں گے، سعودی محکمہ سول ایوی ایشن نے خط لکھ کر تمام ایئر لائنز کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے سفر سے 10 روز قبل ویکسین لگوانا لازمی قرار دی تھی جبکہ پنجاب میں گردن توڑ بخار کی ویکسین کی شدید قلت کے باعث عمرہ زائرین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور تھے۔
دوسری جانب گردن توڑ بخار ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ڈریپ ذرائع نے بتایا ہے کہ ویکسین کی 37500 ڈوز پاکستان لائی گئی ہیں۔ ویکسین فائزر پاکستان نے برآمد کی ہے، فارما کمپنی یہ ویکسین صوبوں کو فراہم کرے گی۔ فارما کمپنی نے پنجاب کیلئے گردن توڑ بخار کی کھیپ روانہ کر دی ہے، ویکسین کی ڈوز 7 فروری تک موصول ہوں گی ، ویکسین کی 16 ہزار ڈوز پنجاب کو فراہم کی جائیں گی۔یہ ویکسین دیگر صوبوں کو حسب ضرورت فراہم ہوگی تاہم ویکسین بارے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ ویکسین بارے فارما کمپنیز سے رابطہ ہے،ویکسین بارےصوبائی حکومتوں سے رابطے ہیں، ویکسین کی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی۔پاکستان میں ویکسین فائزر، سنوفی برآمد کرتی ہیں، ماضی میں ملک میں گردن توڑ بخار ویکسین کی قلت نہیں رہی، ملک میں ویکسین کی ماہانہ کھپت ایک ہزار ڈوز تک ہے۔ سعودی حکومت کے لازم قرار دینے پر ویکسین کی قلت پیدا ہوئی تھی، پنجاب میں ویکسین کی قلت پر عمرہ زائرین پریشان تھے اور ویکسین خریدنے کیلئے فارمیسیز پر شدید رش تھا۔