پاک چین صدور کی ملاقات۔ سی پیک سیکورٹی پر گفتگو۔ اور کیا بات ہوئی؟

پاکستان اور چین کے صدور کے درمیان ملاقات میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کے اتحادی ہیں۔
آصف زرداری نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ بیجنگ کے گریٹ ہال آف چائنہ پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر دیا گیا، اس ملاقات میں چینیوں کی پاکستان میں سیکورٹی اور سی پیک منصوبوں پر بات ہوئی ۔آصف زرداری نے عالمی ترقی میں چین کے تعاون پر چینی صدر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار روایتی دوستی تاریخی ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک اور ان کے عوام کا قیمتی اثاثہ ہے۔
ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی، صنعت، تجارت، اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے۔صدر آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔