کرم،فریقین اسلحہ جمع کرانے کیلئے راضی،پلان حکومت کے حوالے

پشاور:ضلع کرم میں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کرا دیا۔ضلع کرم میں جرگے کے فیصلے کے مطابق فریقین نے اسلحہ سرکاری حکام کو جمع کروانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کروادیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلحہ حوالگی میں معاونت کریں گے، فریقین حکومت کے پاس جمع کرایا گیا اسلحہ اپنی مرضی سے کسی بھی وقت دیکھ سکیں گے، فریقین کو قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے حکومت لائسنس جاری کرے گی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کرم امن معاہدے کے تحت فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا پلان حکومت کو دے دیا ہے، فریقین بھاری اسلحہ جمع کرائیں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ذاتی حفاظت کے لیے حکومت فریقین کو قانونی اسلحہ لائسنس جاری کرے گی، بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے اور تمام بنکرز کو گرایا جائے گا۔

جرگہ ممبر منیر بنگش نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ جمع کرانے پر حکومت ہماری حفاظت کرے گی، کرم میں پائیدار امن کے لیے فریقین متفق ہیں۔

جرگہ ممبر ارشاد حسین بنگش کا کہنا تھا کہ کْرم میں قیام امن کے لیے دونوں فریق لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں،ٹل پارا چنار روڈ کھلنے کی جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔دوسری جانب اپرکرم میں بھی بنکرز گرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اپر کرم میں پیوڑ اورگیدو میں 2 بنکر گرا دیے گئے ہیں جبکہ لوئر کرم میں اب تک 28 بنکرز گرائے جا چکے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کرم میں بنکرز کی تعداد 250 سے زیادہ ہے جہاں اب تک 30 بنکرز گرائے جاچکے ہیں۔