مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمت کار کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صبح سویرے ایک فلسطینی مزاحمت کار نے مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں تیاسیر کے قریب اسرائیلی چیک پوائنٹ میں داخل ہوکر فائرنگ کردی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا۔ جوابی فائرنگ سے فلسطینی مزاحمت کار بھی شہید ہوگیا۔
‘حماس’ نے واقعہ صہیونی دشمن کی دہشت گردی کا فطری رد عمل قرار دیتے ہوئے فلسطینی قوم اور مجاھدین کو مبارک باد پیش کی۔
ادھر ایک رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی افواج نے جنوری 2025 کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں انسانی حقوق کی 708 خلاف ورزیاں کیں۔
اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ریم السلیم نے انکشاف کیا ہے کہاسرائیلی فوج نے غزہ جنگ میں خواتین پر حملے کو نسل کشی کے ہتھیار کے طور پراستعمال کیا ۔
دوسری جانب پانچ عرب وزرائے خارجہ اور ایک سینئر فلسطینی عہدیدار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ایک مشترکہ خط بھیجا ہے، جس میں فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کے منصوبے کی مخالفت کی گئی ہے۔
