اسٹیبلشمنٹ کو کوئی خط وصول کرنے کا رتی بھربھی شوق نہیں، سیکورٹی ذرائع

اسلام آباد : سیکورٹی ذرائع نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو لکھا گیا خط موصول ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کو ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا اور نہ ہی اسٹبلشمنٹ کو ایسے کسی خط میں کوئی دلچسپی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو اسے وصول کرنے کا رتی بھر بھی شوق نہیں۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خط کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا، سیکورٹی ذرائع نے تحریک انصاف کی جانب سے اس معاملے کو ایک اور ناکام سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے خط کے معاملے پر ایک اور ناکام کوشش کی۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاملے پر بات چیت سیاست دانوں کے ساتھ کی جائے ۔ اسٹیبلشمنٹ پہلے ہی یہ بات واضح کر چکی ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی بھی معاملے پر بات کرنی ہے تو سیاستدانوں سے کرے۔واضح رہے گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو پالیسیوں پر نظرثانی کیلئے خط لکھا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ایک کھلا خط لکھا گیا تھا۔