اس بار رمضان پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب نہیں ہوگا، وزیر اعظم کا اعلان

وزیر اعظم شہبازشریف نے اس بار ماہ رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر ہی رمضان پیکیج لانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں بے پناہ شکایات تھیں، اس بار مائنس یوٹیلیٹی اسٹورز رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کرپشن کو روکا جاسکے ، اس کے لیے وزارت فوڈ سیکورٹی کو ذمہ داری دیدی ہے۔میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی 9سال کی کم ترین سطح پرہے، جنوری میں مہنگائی کی سطح 2.4 فیصدپر آچکی ہے، وزیرخزانہ، ان کی ٹیم اور ایف بی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، جس طرح دوسرے اہداف حاصل کیے معاشی ترقی کا ہدف بھی حاصل کریں گے۔ اس کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں کی پوری توجہ ہونی چاہیے، اسی حوالے سے ہم آگے بڑھیں گے اور یہی ہمارے لیے چیلنج ہے کہ معاشی نمو کو کس طرح بڑھایا جائے۔