پشاور،کرم:کرم میں فریقین کے بنکرز مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 30 سے زائد تباہ کیے جاچکے ہیں جبکہ پچھلے کچھ ہفتوں میں سامان رسد کی 453 گاڑیاں کرم پہنچائی جاچکی ہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں بنکرز کی کل تعداد 250 سے زیادہ ہے۔
ادھر وسطی کرم کے علاقے مرغان کوٹکی میںدہشتگردوں نے پولیس کی خالی چیک پوسٹ کو مسمار کرنے کی ویڈیو جاری کر دی۔ پولیس کے مطابق، چند روز قبل اس چیک پوسٹ کو عارضی طور پر خالی کر دیا گیا تھا۔ویڈیو میں شدت پسندوں کو خالی چیک پوسٹ کو مسمار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، شدت پسندوں نے پاکستانی پرچم کو اتار کر اپنی جھنڈا بھی پہاڑی پر لگا دیا۔
پولیس کے مطابق، چیک پوسٹ کو لوٹ کر آگ لگا دی گئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ چیک پوسٹ لوٹنے اور جلانے کے الزام میں دس سے زائد افراد کو پکڑ لیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ رات گئے سی ایم ایچ پشاور میں کرم میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کی عیادت کی۔۔علی امین گنڈاپور نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
