کراچی:سندھ اسمبلی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی طور پر کشمیر ہمارا ہے، دنیا کو جہنم نہ بنائیں دنیا کو رہنے کے قابل بنائیں، کشمیریوں کوہر قیمت پر رائے کا حق ملنا چاہیے، کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی ہے کہاں ہیں مسلمان ممالک؟ ۔
کشمیریوں کے اپنے رائے کے اظہار کا موقع ملنا چاہیے، 1990ء میں بے نظیر بھٹو دور میں 5 فروری منانے کا فیصلہ ہوا تھا، اقوام متحدہ نے کشمیر کی خود مختاری کا فیصلہ کیا تھا، بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں کیا۔
ایم کیوایم کی رکن فوزیہ حمید نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیشہ کشمیر کے ساتھ کھڑے رہیں گے، دنیا کو کہنا چاہتی ہوں کہ آئین اور کشمیر کے ساتھ کھڑے ہوں، ظلم کی سیاہ رات طویل ضرور ہو گی لیکن سحربھی آئے گی۔