وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
وزیر تعلیم نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تین امتحانی مراکز جامعہ فاروق اعظم، مسجد بیت المکرم اور جامعہ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کا دورہ کیا۔ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں مولاناامداد اللہ ، ناظم وفاق المدارس سندھ اور مولانا احمد یوسف بنوری ، نائب مہتمم جامعہ بنوری ٹاؤن نے وفاقی وزیر تعلیم کے وفد کا استقبال کیا۔ جامعہ فاروق اعظم کے رئیس مولانا آصف قاسمی سے وزیر تعلیم نے خصوصی ملاقات کی۔
بعدازاں وفاقی وزیر تعلیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ کچھ لوگ مدارس کو بوجھ سمجھتے ہیں حالانکہ انہوں نے بوجھ اٹھایا ہوا ہے۔ وزیرتعلیم نے وفاق المدارس کے مثالی نظام امتحان کی تعریف۔ خالد مقبول صدیقی نے وفاق المدارس کے نظام امتحانات کو انٹرنیشنل معیار سے ہم آہنگ قرار دیا۔ وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزارت تعلیم دینی مدارس کے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی۔ وزیر تعلیم نے دینی مدارس اور نیو ٹیک کے اشتراک سے مدارس میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے مختلف کورسز کروانے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر مولانا طلحہ رحمانی، مولانا عبدالقدوس محمدی اور مفتی نوید انور ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت آج بروز ہفتہ یکم فروری 2025ء، 2 شعبان العمظم 1446 ھ سے امتحانات کا آغاز ہوا ہے جو جعمرات 6 فروری 2025ء ، بمطابق 7 شعبان المعظم 1446ھ تک جاری رہیں گے۔