واشنگٹن، طیارے کا فوجی ہیلی کاپٹر سے تصادم، تمام 64 افراد کی ہلاکت کی تصدیق

واشنگٹن : واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب ہونے والے مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر کے تصادم کے نتیجے میں تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام 64 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے حادثے کو امریکا بھر کیلئے تکلیف دہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ المیہ ہے، کوئی زندہ نہیں بچا، فضائی حادثات کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ائیرلائن کی پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی جہاں طیارے کو دریائے پوٹومیک کے اورپر رن وے کے قریب حادثہ پیش آیا۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطا ق شام 8 بجکر 48 منٹ پر پیش آیا، اس وقت طیارے کی رفتار 166 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
رپورٹس کے مطابق بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں 78 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد مسافر طیارہ پوٹومیک دریا میں گرگیا، حادثے کے بعد دریائے پوٹومیک میں غوطہ خوروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔امریکی حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 64 مسافر سوار تھے
امریکی فوجی حکام کے مطابق مسافر طیارے سے ٹکرانےوالے فوجی ہیلی کاپٹر میں 3 اہلکار سوار تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مسافر طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹرتربیتی پرواز پر تھا۔ حادثے کے بعد ریگن نیشنل ائیرپورٹ پرتمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں ۔