اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور نے حتمی حج پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق لانگ حج پیکج کی حتمی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار مقرر کی گئی ہے جبکہ شارٹ حج پیکج 11 لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگا۔ ترجمان کے مطابق حج واجبات کی تیسری قسط یکم تا 10 فروری وصول کی جائے گی۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم میں محدود تعداد میں نشستیں باقی ہیں، نئی درخواستوں کی وصولی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 30 جنوری تک ممکن ہوگی۔ شارٹ حج کی بکنگ مکمل جبکہ خالی نشستوں پر صرف لانگ حج پیکج کی بکنگ ہوگی، پرائیویٹ عازمین حج کی بکنگ 31 جنوری تک جاری رہے گی۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حج منظم کمپنیاں وزارت کے ای پورٹل پر نجی عازمین کا ڈیٹا فوری اپ لوڈ کریں،عازمینِ حج نئی معلومات اور ہدایات کے لیے ’پاک حج 2025‘ موبائل ایپ ڈاون لوڈ کریں۔
