اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی عمران خان کی ذاتی معالج، اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون کال پر بات کرانے سے متعلق درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالج، اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون پر بات کروانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم عدالت میں پیش ہوئے،عدالت کو بتایا گیا بانی پی ٹی آئی صرف پی ٹی وی نیوز نہیں 16 چینل دیکھتے ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق کے استفسار پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا بانی پی ٹی آئی کو کیٹیگری بی کے تحت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی 16 ٹی وی چینلز دیکھتے ، روزانہ دو اخبارات دیئے جاتے ہیں۔ ایک باورچی بھی فراہم کیا ہے۔ ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی اجازت ہے لیکن ہم تین چار مرتبہ بھی ملاقات کروا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سزا ہونے سے پہلے بشریٰ بی بی کو ملوایا جاتا تھا۔ بچوں سے اوورسیز کالز نہیں کروا سکتے۔ ہمارے پاس پچیس غیرملکی قیدی بھی ہیں۔ اگر بات کرائیں گئے تو ایک ٹرینڈ سیٹ ہو جائے گا۔ جیل رولز اور حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل کالز کی اجازت نہیں۔ اڈیالہ جیل میں ملک کے سب سے بہترین ڈاکٹرز ہیں جو روزانہ کی بنیاد چیک اپ کرتے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے بیان کے بعد عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔
