امریکی حکام کو افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی سے آگاہ کر دیاگیا

ہیوسٹن( اسلام ڈیجیٹل)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین سے ملاقات کرکے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیوسٹن میں امریکی کانگریس اور کانگریس کی فنانس کمیٹی کے اہم ممبر الیگزینڈر گرین سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین الیگزینڈر گرین کو افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، وزیر داخلہ نے پاکستان میں آنے والے زلزلے اور سیلاب میں متاثرین کی بھرپور مدد پر کانگریس مین الیگزینڈر گرین کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کے فلسطین ایشو پر اصولی مؤقف کو بھرپور سراہا، انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین نے فلسطین کیلئے توانا آواز بلند کی جو قابل ستائش ہے، امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کی جانب سے فلسطین پر ایسے اصولی موقف کو بہت پذیرائی ملی ہے۔پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی آرہی ہے۔ آنے والے دنوں میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔