ملتان میں خوفناک دھماکا’6افراد جاں بحق

ملتان(اسلام ڈیجیٹل)ایل پی جی کنٹینر میں گیس لیکیج کی وجہ سے خوفناک دھماکا،آگ لگنے سے 6افرادجاں بحق،34علاج معالجہ کیلئے نشتر ہسپتال منتقل’وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا۔

تھانہ مظفرآباد کے علاقے فہد ٹائون نزد حامد پور کنورہ کے قریب ایل پی جی گیس سپلائی کرنے والے ٹرالر میں گیس لیکیج کی وجہ سے اچانک آگ لگ گئی۔

آگ کے بعد ٹرالر میں زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد قریبی عمارتیں لرز اٹھیں اور مکین کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے دھماکے کے بعد آگ اتنی شدید ہوگئی کہ قریبی گھروں اور مویشیوں کو اپنی لپیٹ میں لیکر خاکستر کرتی رہی۔

ریسکیو1122،پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق 8سالہ علیشہ ،20سالہ دلاور ، 19سالہ شہزادی بی بی ،30سالہ اسماعیل اور 50سالہ زہرینہ بی بی اور ایک نامعلوم موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

زخمیوں میں 25سالہ رمضان ، 40سالہ شہناز بی بی ، 21سالہ طلال ظفر ، 45سالہ حلیمہ بی بی ،18سالہ حماد ،40سالہ حسینہ بی بی ،9سالہ مدنی ،50سالہ فداحسین، 45سالہ اللہ رکھا ، 6سالہ انعم شہزادی ، 4سالہ ہانیہ نور ،3سالہ سانول ، 42سالہ ظفر اقبال ، 50سالہ خادم حسین ، 35سالہ ذوالفقار ، ،30سالہ ثانیہ ،30سالہ کلثوم ، 16سالہ مہوش ، 12سالہ کامران ، 28سالہ محمد راشد ، 35سالہ اعظم ، 35سالہ فرحت بی بی ،16سالہ عبدالاحد ،70سالہ منصب مائی ، 6سالہ سبحان ، 28سالہ سمیرا ،25سالہ سونیا ،25سالہ ریحانہ بی بی ،45سالہ سعیدہ بی بی ، 40سالہ صغراں مائی ، 53سالہ رفیق ،25سالہ طاہر حسین اور 12سالہ رابعہ کو ریسکیو کیاگیا۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں علاج معالجہ کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے علاقے کو کلین کرنے کیلئے آپریشن کرتے ہوئے آمدورفت بند کردی اور دھماکے کے متعلق شواہد اکٹھے کرکے حکام کو ارسال کردیے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ۔

کمشنر ملتان رانا عامر کریم خان اورسی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے حامدپور چوک کے قریب گیس ٹینکر دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا انہوں نے پولیس اور امدادی ٹیموں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد سے حادثے کی تفصیلات حاصل کیں۔

سی پی او ملتان نے جائے وقوعہ پر موجود پولیس ٹیموں کو ہدایت دی کہ امدادی کاموں میں مکمل تعاون فراہم کریں اور متاثرہ علاقے میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔سی پی او ملتان نے برن یونٹ نشتر اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کے علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ملتان میں ایل پی جی کنٹینر پھٹنے سے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس،سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ ایل پی جی کے استعمال کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیا۔

دوسری جانب ملتان میں ہونے والے ایل پی جی گیس باؤزر دھماکے کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ایل پی جی گیس باؤزر سے گیس نکال کر مکسنگ کرنا حادثات کا سبب بنتا ہے، ایل پی جی باؤزر سے گیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جاتی ہے۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ کی قیمت کم اور پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے مکسنگ کی جاتی ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سے پریشر بڑھ جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر سے باہر مختلف جگہوں پر بڑے بڑے گوداموں میں گیس مکسنگ کی جاتی ہے۔