لاہور(اسلام ڈیجیٹل)وفاقی وزیرصنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور ملک میں انتشار کو فروغ دینا ہے ، عوام پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ پہچان چکے ہیں۔ مریدکے میں تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت کا شعبہ ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے ، اس سلسلہ میں بیلاروس اور چین سمیت کئی ممالک سے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ پاکستان زراعت کی ترقی میں دنیا کے صف اول کے ممالک کا مقابلہ کرے،یہی وجہ ہے کہ حکومت شعبہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور زرعی تحقیق کیلئے پاکستان سے نوجوان چین بھیج رہی ہے تاکہ وہاں سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کی ٹریننگ حاصل کر کے پاکستان میں زراعت کو ترقی دے سکیں کیونکہ ہم آج بھی فی ایکڑ تیس من پیداوار پر کھڑے ہیں۔
