خضدار/کوئٹہ(اسلام ڈیجیٹل)خضدار سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس بم دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں نصب تھا۔
ڈپٹی کمشنرخضدار نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے ایم 8 قومی شاہراہ پر کھوڑی کے مقام پر نشانہ بنایا، ابتدائی تفتیش کے مطابق سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں آئی ای ڈی نصب تھی۔ بس کے گزرتے ہی دھماکہ ہوگیا،دھماکے میں جاں بحق مسافر کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر خضدار منتقل کردیا گیا۔واقعے میں زخمی بس کنڈیکٹر کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے سے کار کے پرخچے اڑ گئے جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، بم ڈسپوزل کی ٹیمیں اور سیکورٹی فورسز کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لیکرہشتگردوں کی تلاش شروع کردی جبکہ دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں تین روزہ پشتون قومی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی اور قبائلی عمائدین نے بھرپور شرکت کی، جرگے میں پشتون بیلٹ کے مسائل اور پشتونوں کے حقوق پر بات چیت کی گئی۔ اس جرگے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور جرگے کے سربراہ نواب ایاز جوگیزئی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔جرگے کے مقررین نے پشتون بیلٹ میں جاری مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر نے جنم لیا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون وطن میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے علاقے کے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔مقررین نے یہ بھی کہا کہ پشتون علاقوں میں غیر مقامی افراد کو زمینیں الاٹ کی جا رہی ہیں جو مقامی باشندوں کے حقوق کی پامالی کے مترادف ہے۔