اسرائیلی فوج کے منہ کو خون لگ گیا۔جنین کیمپ تباہ۔ ہزاروں فلسطینی بے گھر

غزہ(اسلام ڈیجیٹل) غزہ میں معاہدے کے باوجود سیز فائر پر مکمل عمل نہ ہوسکا، مغربی کنارے میں فائرنگ سے 14فلسطینی شہید جبکہ 5زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی حملوں سے مغربی کنارے میں جنین کیمپ تباہ ہوگیا، درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا، جنین میں جبری انخلا کے بعد ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوگئے، درجنوں نئی چوکیاں قائم کردی گئیں، صیہونی فورسز نے مغربی کنارے میں کئی گھروں کو آگ لگا دی۔
اسرائیلی فورسز نے جنین کے جنوب میں واقع گاں فحمہ پر دھاوا بول دیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے گاں پر دھاوا بول دیا اور شہریوں پر زہریلی آنسو گیس پھینکی جس سے پرتشدد تصادم شروع ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کیمپ میں دو بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور اسرائیلی فورسز نے مزید فوجی کمک اور بلڈوزر اس کے مضافات میں دھکیل دیے۔
اسرائیل نے سینکڑوں فلسطینی خاندانوں کو کیمپ چھوڑنے پر بھی مجبور کردیا اور شہریوں کو سخت معائنہ کے طریقہ کار کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے 11 افراد کو گرفتار کر لیا اور اس کے بلڈوزر نے انفراسٹرکچر اور سرکاری ہسپتال کے داخلی راستے کو تباہ کردیا۔ صہیونی فوج نے شہر کے ہسپتالوں کا محاصرہ کر کے طبی عملے کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا دی۔
اسرائیلی افواج کی فوجی گاڑیوں کی بھاری نقل و حرکت کے درمیان سنائپرز اب بھی عمارتوں کے اوپر موجود ہیں اور ہر حرکت پذیر چیز پر گولی چلا رہے ہیں۔جنین میں حماس مجاہدین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں جاری ہیں، القدس بریگیڈز کے مطابق حماس مجاہدین نے اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کر دیا جس سے متعدد صیہونی فوجی حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے واحد واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو تباہ کر دیا۔