وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ بھمبر کا دورہ کریں گے جہاں وہ دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے تعلیمی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
وزیر اعظم کے دورہ بھمبر کے لیے تمام تر تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور دیگر اہم شخصیات نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ تقریب کو کامیاب اور یادگار بنایا جا سکے۔
بھمبر دانشا اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم نہ صرف علاقے کے طلبا کو جدید تعلیم کی فراہمی کے لیے اہم ہوگا بلکہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کی مجموعی ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم، جدید لیبارٹریز اور تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جو کہ علاقے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
تقریب کے دوران وزیر اعظم پاکستان اور دیگر حکومتی عہدے داران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
بھمبر کے عوام اور تعلیمی حلقوں میں اس منصوبے کو لے کر کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف مقامی طلبہ کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔