حماس کا کامیاب حملہ،کیپٹن سمیت 5صہیونی ہلاک،10شدید زخمی

غزہ : غزہ میں فلسطینی مجاہدین کے بڑے حملے میں ایک کیپٹن سمیت 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صبح ہونے والے اس حملے میں 10 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق یہ تمام فوجی اسرائیلی فوج کی نحال بریگیڈ کا حصہ تھے، اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 850 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
قطر میں جنگ بندی مذاکرات کے دوران غزہ میں اسرائیلی بربریت میں کمی نہ آ سکی۔اسرائیلی فورسز کے پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں اور ہسپتالوں پر حملے جاری رہے،اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری سے مزید 35 فلسطینی شہید اور متعدد شدید زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جبالیہ، شاطئی، دیر البلح اور شجائیہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی ۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی بھی جاری رہی، درجنوں فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔یونیسیف کا کہنا ہے غزہ کے تقریباً تمام 11 لاکھ بچے خطرناک ذہنی دباو¿ کا شکار ہیں۔
ادھر امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں جب کہ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کا اعلیٰ سطح کا وفد دوحہ پہنچ گیا ہے اور حماس اسرائیل مذاکرات 90 فیصد مکمل ہوگئے ہیں۔قطر نے مذاکرات میں بریک تھرو کے بعد غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا حتمی مسودہ حماس اور اسرائیل کو بھجوادیا۔